Advertisement

Responsive Advertisement

کتب اہل سنت میں فضائل حضرت سیّدنا امیر معاویہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کے بارے میں اقوال

 حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کے بارے میں صحابہ ٔکرام و اہلبیتِ اطہار رِضْوَانُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن  کے فرامین آپ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کے عظیم المرتبت ہونے کی ایک اور روشن دلیل ہیں۔چنانچہ آپ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کے بارے صحابۂ کرام و اہلبیت اطہار  رِضْوَانُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن  کے اقوال ملاحظہ فرمائیے:























(۱)حق کے ساتھ فیصلہ کرنے والے


فاتح ِمصر حضرت سیدنا سعد بن ابی وقاص  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں:میں نے امیرالمؤمنین حضرت سیدنا عثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کے بعد حق کے ساتھ فیصلہ کرنے والا حضرت سیدنا امیرِ معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  سے بہتر نہیں دیکھا۔(1)

(۲)ایسا سردار نہیں دیکھا


حضرت سیدنا  عبداللہ  بن عمر  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں:میں نے  رسول اللہ   صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کے بعد حضرت سیدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ جیسا کوئی سردار نہیں دیکھا۔(2)   

(۳)نماز میں سب سے زیادہ مشابہت


حضرت سیدنا ابو درداء  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں :میں نےحضرت سیّدنا امیرمعاویہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے علاوہ کوئی ایسا شخص نہیں دیکھا جس کی نماز نبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی نمازسے زیادہ مشابہت رکھتی ہو۔ (3)   

 صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(۴)حکومتِ معاویہ کو بُرا نہ سمجھو


اميرالمؤمنین حضرت سیّدنا علی المرتضیٰ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  نے جنگِ صَفَّین سے واپسی پرفرمایا:(حضرت)معاویہ( رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ) کی حکومت کو برا نہ سمجھو،  اللہ عَزَّ وَجَلَّ  کی قسم! جب وہ نہیں ہوں گے توسر کٹ کٹ کر اَنْدرائِن کے پھلوں کی طرح زمین پر گریں گے۔(4) 

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(۵)وہ صحابیٔ رسول اور فقیہ ہیں


حضرت سیدنا  عبد اللہ  بن عباس  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  نے جن الفاظ میں حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کی مدح فرمائی ہے ا ن سے آپ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کی عظمت کا اظہار ہوتا ہے چنانچہ ایک موقعہ پر آپ کی فقاہت کا اعتراف کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:”حضرت معاویہ فقیہ ہیں۔ “(5) 

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(۶)مناسب ترین شخصیت


حضرت سیّدنا عبداللہ  بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُما نےفرمایا:میں نے ( خلفائے راشدین کے بعد) حضرت معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے زیادہ حکومت کے مناسب کوئی نہیں دیکھا۔(6)   

(۷)امیرِ معاویہ جنّتی ہیں


حضرت سیّدنا عوف بن مالک اشجعی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ  فرماتے ہیں:مىں اَرِىحا کے اىک ایسے گرجا میں قَیْلولہ کر رہا تھا کہ جو اب مسجد میں تبدیل ہو چکا ہے۔ میں اچانک گھبرا کر اُٹھ بیٹھا۔میں نے دیکھا وہاں اىک شىر موجود تھا جو میری جانب بڑھ رہا تھا،میں نے ہتھىاراٹھانے کا ارادہ کىاتو شىر نے کہا: ”رُک جائىے مىں تو آپ کو اىک پىغام دىنے آىا ہوں۔ “میں نے پوچھا: تجھے کس نے بھىجا ہے؟ شىر نے کہا:  اللہ   عَزَّ وَجَلَّ  نے مجھے آپ کے پاس بھىجا ہے کہ آپ کو خبر دوں کہ حضرت سیدنا معاوىہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ  جنتى ہیں۔“مىں نے پوچھا:کون معاوىہ ؟ تو شیر نے کہا: حضرت معاوىہ بن ابى سفىان  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  ۔(7) 

(۸)مصطفٰے کریم کے سامنے لکھنے والے


حضرت   سیّدنا عبداﷲ  بن عمرو  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ  فرماتے ہیں:حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ  نبیٔ کریم  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم  کے سامنے بیٹھ کر لکھا کرتے تھے۔(8)  

(۹)ایسی حکومت کوئی نہیں کرے گا


حضرت سیّدنا کعب بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں:جیسی حکمرانی حضرت سیّدنا امیر معاویہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  نے کی ہے ویسی حکومت اس امت کا کوئی بھی فرد نہیں کرے گا۔(9)

(۱۰)امیرِ معاویہ کاذکر خیر سے ہی کرو


حضر ت سیّدنا عُمیر بن سعد رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں: لَاتَذكُرُوامُعاوِيَةَ اِلَّابِخَير یعنی حضرت امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کا ذکر صرف خیر و بھلائی سے ہی کرو۔(10)

(۱۱)سب سےزیادہ حلیم وبُردبار


ایک موقعے پر حضرت سیّدنا  عبد اللہ  بن عمر  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُما نے ارشاد فرمایا:حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ لوگوں میں سب سے زیادہ حلیم و بُردبار تھے ۔(11)

 صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

شانِ امیر معاویہ بزبان عُلماء و اولیا


میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!جس طرح دیگر صحابۂ کرام  عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان   کی شان جلیل القدر علما و اولیا نے بیان فرمائی ہے اسی طرح حضرت سیدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کی شان کا اظہار بھی اپنے قول اور عمل دونوں سے فرمایا ہے بلکہ آپ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کے بارے میں بد گوئی کرنے والے کو سزا دے کر بدمذہبیت کے ناسور کا مکمل سد ِّباب فرمایا ہے ۔یقینا  اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پسندیدہ اور انعام یافتہ بندوں کےفرامین ہمارے لیے مینارہ ٔ نو ر بھی ہیں اورراہ ِ نجات بھی ۔ 

(۱)آپ کا بے مثال عدل وانصاف


حضرت سیّدناامام اَعْمش رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے سامنےحضرت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کے عدل وانصاف کا ذکر ہوا تو آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے ارشاد فر مایا :کاش! آپ لوگ حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کا زمانہ دیکھ لیتے۔“لوگوں نے عرض کی:”کیا آپ اُن کے حلم کی بات کررہے ہیں؟ آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نےارشادفرمایا:نہیں!خدا  عَزَّ وَجَلَّ کی قسم!میں اُن کے عدل کی بات کر رہاہوں۔“(یعنی آپ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ   کا عدل وانصاف بھی بے مثال تھا ) (12) 

(۲)اگر تم سیّدنا امیر معاویہ کو دیکھ لیتے۔۔۔


 حضرت سیّدنا مجاہد  عَلَیْہ   رَحْمَۃُ اللہِ الْوَاحِدْ  نے فرمایا: اگر تم حضرت معاویہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ  کو دیکھتے تو کہتے یہی مہدی یعنی ہدایت یافتہ ہیں۔(13)   

(۳)طعن کی جرأت


حضرت سیّدناامام ابو توبہ ربیع بن نافع  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں : حضرت امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  صحابۂ کرام  عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان  کے درمیان پردہ ہیں جو یہ پردہ چاک کرے گا وہ دوسرے صحابۂ کرام  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم   پر اعتراضات کرنے میں جری ہو جائے گا ۔(14)   

 صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(۴)شاتمِ صحابی کو سزا


حضرت سیّدنا ابراہیم بن میسرہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں :میں نے نہیں دیکھا کہ حضرت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  نے اپنے دور حکومت میں حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کو برا بھلا کہنے والے کے علاوہ کسی اور کو بھی کوڑے لگائے ہوں۔(15)   حضرت سیّدناعمر بن عبدالعزیز  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے خود اس شخص کو تین کوڑے مارےجس نے آپ کے سامنےحضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  پر سب و شتم کیا۔(16)   

 صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(۵)تابعی کا صحابی سے مقابلہ کرتے ہو؟


حضرت سیّدنا معافی بن عمران  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی بارگاہ میں کسی نے سوال کیا:حضرت سیّدنا امیر معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  افضل ہیں یا حضرت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  ؟یہ سوال سنتے ہی آپ کے چہرے پر جلال کے آثار نمودار ہوئے اورنہایت سختی سے ارشاد فرمایا : کیا تم ایک تابعی کا صحابی سے مقابلہ کرتے ہو؟حضرت سیّدنا معاویہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  تو نبیٔ کریم  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم  کے صحابی،آپ کے سسرالی رشتہ دار،آپ  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم  کے کاتب اور  اللہ عَزَّ وَجَلَّ  کی طرف سے عطاکردہ وحی کے امین تھے (17)   


1 تاریخ ابن عساکر ، معاویۃ بن صخر ۔۔ الخ ،۵۹ / ۱۶۱

2 معجم کبیر ، و مما اسند عبداللہ بن عمر ۔۔۔ الخ ، ۱۲ / ۳۸۷، حدیث:۱۳۴۳۲

3 مجمع الزوائد ، کتاب المناقب ، باب ماجاءفی معاویۃ ۔۔ الخ ،۹ / ۵۹۵،حدیث:۱۵۹۲۰

4 دلائل النبوۃ للبیھقی ، جماع ابواب اخبارالنبی صلی اللہ علیہ وسلم بالکوائن بعدہ ۔۔ الخ ، باب ما جاء في إخبار النبي صلى اللہ عليه وسلم بالفتن التيالخ ، ۶ / ۴۶۶، طبقات ابن سعد ، معاویۃ بن ابی سفیان ،۶ / ۲۰ مکتبۃ الخانجی ، سیر اعلام النبلاء ، معاویۃ بن ابی سفیان ،۴ / ۳۰۲، البدایۃ والنھایۃ ، سنۃ ستین من الھجرۃ النبویۃ ، و ھذہ ترجمۃ معاویۃ ۔۔ الخ ، ۵ / ۶۳۴، تاریخ ابن عساکر ، معاویۃ بن صخر ۔۔۔ الخ ،۵۹ / ۱۵۲

5 بخاری ، کتاب فضائل اصحاب النبی ، باب ذکر معاویۃ ،۲ / ۵۵۰ ،حدیث :۳۷۶۵ ملتقطاً

6 مصنف عبدالرزاق ، الجامع للامام معمر ، باب ذکرالحسن ،۱۰ / ۳۷۱، حدیث:۲۱۱۵۱، سیر اعلام النبلاء ، معاویۃ بن ابی سفیان ،۴ / ۳۰۸، التاریخ الکبیر ، باب معاوية ، معاوية بن ابي سفيان .. الخ ، ۷ / ۲۰۴، رقم:۱۴۰۵

7 معجم کبیر ، من اسمہ معاویہ ،۱۹ / ۳۰۷،حدیث:۶۸۶، معجم الصحابۃ ، من روی عن النبی من اسمہ معاویۃ ، معاوية بن ابی سفيان ،۵ / ۳۶۷،رقم:۲۱۹۱

8 مجمع الزوائد ، کتاب المناقب ، باب ماجا ء فی معاویۃ ۔۔ الخ ، ۹ / ۵۹۶،حدیث:۱۵۹۲۴

9 طبقات ابن سعد ، معاویۃ بن ابی سفیان ،۶ / ۲۰ مکتبۃ الخانجی ، سیر اعلام النبلاء ، معاویۃ بن ابی سفیان ۔۔الخ،۴ / ۳۰۸

10 ترمذی ، کتاب المناقب ، باب مناقب معاویۃ بن ابی سفیان ،۵ / ۴۵۵ ، حدیث:۳۸۶۹ مختصراً ، التاريخ الكبير ، باب معاویۃ ، معاویۃ بن ابی سفیان ۔۔۔ الخ ،۷ / ۲۰۴ ،رقم:۱۴۰۵

11 السنۃ للخلال ، ذکر ابی عبد الرحم ٰ ن ۔۔ الخ ،۱ / ۴۴۳،رقم:۶۸۱

12 السنۃللخلال ، ذكرابی عبدالرحم ٰ ن معاويةبن ابی سفيان ۔۔ الخ ،۱ / ۴۳۷، رقم:۶۶۷

13 السنۃللخلال ، ذكرابی عبدالرحم ٰ ن معاويةبن ابی سفيان ۔۔الخ ،۱ / ۴۳۸، رقم:۶۶۹

14 البدایۃ و النھایۃ ، سنۃ ستین من الھجرۃ النبویۃ ، و ھذہ ترجمۃ معاویۃ ۔۔۔ الخ ،۵ / ۶۴۳

15 شرح اصول اعتقاداھل السنّۃ ، باب جماع فضائل الصحابۃ ، سیاق ماروی عن السلف فی اجناس العقوبات ۔۔ الخ ،۲ / ۱۰۸۴،رقم:۲۳۸۵

16 الاستیعاب ، معاویۃ بن ابی سفیان ،۳ / ۴۷۵

17 البدایۃ و النھایۃ ، سنۃ ستین من الھجرۃ النبویۃ ، و ھذہ ترجمۃ معاویۃ ۔۔۔ الخ ،۵ / ۶۴۳

Post a Comment

0 Comments